پشاور (پ ر) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر، سینیٹر ایمل ولی خان نے اسلام آباد میں افغانستان ایمبیسی کا دورہ کیا اور افغان سفیر مولوی سردار احمد شکیب سے ملاقات کی۔
اس موقع پر سینیٹر ایمل ولی خان نے افغانستان کے کنڑ ولایت میں حالیہ زلزلے سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پختونخوا اور افغانستان کے عوام ایک دوسرے کے قریب ہیں اور مشکل کے وقت ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہنا ہمارا انسانی اور تاریخی فرض ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں علاقوں کے درمیان تعلقات صرف سرحدوں تک محدود نہیں بلکہ خون، ثقافت اور انسانیت کے رشتوں سے جڑے ہیں۔ملاقات کے دوران جاں بحق افراد کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی گئی۔