عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا کے صدر میاں افتخار حسین، صوبائی جنرل سیکرٹری حسین شاہ یوسفزئی، اور صوبائی سیکرٹری ثقافت ایڈوکیٹ اکبر ہوتی نے ریڈیو پاکستان پشاور کے سینئر اناونسر، اداکار، گلوکار اور صداکار شکیل ارشد کی وفات پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
اپنے مشترکہ تعزیتی بیان میں رہنماؤں نے کہا ہے کہ شکیل ارشد فن و ثقافت کا ایک روشن باب تھے، جنہوں نے نصف صدی سے زائد عرصہ اپنی خوبصورت آواز، جاندار اداکاری اور بے مثال فنی صلاحیتوں کے ذریعے پشاور کے ثقافتی منظرنامے کو مالا مال کیا۔ وہ نہ صرف ایک ہمہ جہت فنکار تھے، بلکہ فنونِ لطیفہ کی روایت کے سچے پاسبان بھی تھے۔
رہنماؤں نے کہا کہ شکیل ارشد نے ریڈیو کے سنہری دور میں ہزاروں سامعین کے دلوں پر راج کیا، اور اپنے فن کے ذریعے پشتونخوا کی تہذیبی شناخت کو اجاگر کرنے میں گرانقدر خدمات انجام دیں۔ ان کا فنی سفر خلوص، لگن اور خدمتِ فن سے عبارت تھا، جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ شکیل ارشد کی رحلت نہ صرف پشاور بلکہ پورے ملک کے ثقافتی حلقوں کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے، جس کا خلا مدتوں محسوس کیا جاتا رہے گا۔
اے این پی رہنماؤں نے مرحوم کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں جگہ دے، درجات بلند فرمائے، اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔