پشاور(پ ر) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر امیرحیدر خان ہوتی نے پوری قوم، عہدیداران اور کارکنان پر زور دیا ہے کہ اس بار بھی عیدالفطر سادگی سے منائیں۔ گھروں اور حجروں میں عید ملنے سے گریز کریں۔

عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر جاری پیغام میں اے این پی کے مرکزی سینئر نائب صدر امیرحیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ گذشتہ سال کی طرح اس بار بھی ولی باغ چارسدہ اور ہوتی ہاؤس مردان میں عید کے حوالے سے کوئی سرگرمی نہیں ہوگی۔ تمام عہدیداران و کارکنان کرونا سے بچاؤ کے احتیاطی تدابیر کا خیال رکھتے ہوئے عید منائیں اور دوسروں کو بھی آگاہی دیں۔

انہوں نے پوری قوم پر زور دیا کہ اس وبائی صورتحال میں واحد علاج احتیاط ہی ہیں، بے احتیاطی سے اپنوں اور دوسروں کیلئے مشکلات پیدا کرنے سے گریز کیا جائے۔وبائی حالات میں ایک دوسرے کا خیال رکھیں اور ضرورتمندوں کی جتنی مدد ہوسکتی ہے،ضرور کریں۔ عید الفطر کے پرمسرت موقع پر عید اپنوں کے ساتھ گھروں میں منائیں اور محفوظ رہنے کی کوشش کریں۔

عوامی نیشنل پارٹی پوری قوم کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کرتی ہے۔اللہ تعالیٰ اس عید کو اس ملک و قوم کیلئے وبائی صورتحال سمیت تمام مشکلات سے نجات کا ذریعہ بنائے۔