کراچی(پ ر) عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر شاہی سید نے کہا ہے کہ کرونا وبا کی وجہ سے اس سال سانحہ 12مئی کے شہداء کا دن سادگی سے منائی جائیگی، صوبے اور اضلاع میں کسی قسم کی کوئی تقریب منعقد نہیں ہوگی۔ کارکنان شہداء کو خصوصی دعائوں میں یاد رکھیں۔

باچاخان مرکز کراچی سے جاری بیان میں اے این پی کے صوبائی صدر شاہی سید کا کہناتھا کہ 12مئی کے شہداء آج بھی ہمارے دلوں میں زندہ ہیں اور ہمیشہ زندہ رہیں گے۔اس دن باچاخان کے عدم تشدد کے پیروکاروں نے فوجی آمر پرویزمشرف اور انکے دہشتگرد ونگ ایم کیو ایم کے سامنے سرجھکانے سے انکار کیا ۔آج مشرف اور انکے دہشتگرد ٹولے کا نام لینے والا کوئی نہیں، باچاخان کے پیروکار آج بھی میدان عمل میں موجود ہیں۔سانحہ 12مئی پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے، اس دن نہتے سیاسی کارکنان پر ریاستی سرپرستی میں براہ راست گولیاں چلائی گئیں۔

اے این پی کے صوبائی صدر کا کہنا تھا کہ یہ 12مئی کے شہداء کی قربانیوں کا ہی ثمر ہے کہ ملک میں عدلیہ کافی حد تک آزاد ہے۔ اے این پی آئین و پارلیمان کی بالادستی اور جمہوری اداروں کی مضبوطی پر یقین رکھتی ہے۔ جمہوریت اور جمہوری اداروں کی بالادستی کیلئے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے