کوئٹہ(پ ر) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری مابت کاکا نے گلستان ضلع قلعہ عبداللہ سے تعلق رکھنے والے نوجوان باکسر عزت اللہ کاکڑ کو امریکہ میں منعقدہ باکسنگ مقابلہ جیتنے پر مبارکباددیتے ہوئے کہا ہے کہ عزت اللہ کاکڑ بلاشبہ مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے امریکہ میں یہ ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ یہاں کے نوجوان کسی بھی لحاظ سے ملک کے دیگر حصوں کے نوجوانوں سے کم نہیں لیکن خاطر خواہ مواقع میسر نہ ہونے اور حکمرانوں کی عدم توجہ کے باعث ان کے صلاحیتیں ابھر کر سامنے نہیں آرہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کے نوجوان بالخصوص پشتون نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں وہ چاہے کھیل کے میدان ہو یا پھرعلم کے میدان ہو، یہاں کے جوانوں نے بھر پور صلاحتیوں کا مظاہرہ کیا۔ عزت اللہ کاکڑ کی اس جیت سے پشتونوں کے متعلق حکمرانوں اور اشرافیہ کی وہ تمام پروپیگنڈے غلط ثابت ہوئے کہ پشتون جنونی انتہاپسند قوم ہے بلکہ حقیقت میں پشتون تو انتہاپسندی اوردہشت گردی کے خود شکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس اہم ایونٹ کے ملکی الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا میں عدم تشہیر اور خاموشی پشتونوں سے متعلق معاندانہ پالیسیوں کے تسلسل کا مظہر ہے۔اتنے بڑے ایونٹ کو مناسب کوریج نہیں دی گیئں جو قابل افسوس امر ہے انہوں وفاقی اور صوبائی حکومت سے پر زور مطالبہ کیا کہ وہ عزت اللہ کاکڑ کی حوصلہ افزائی کیلئے ایوارڈاعلان کریں تاکہ اس سے نوجوان کی حوصلہ افزائی ہو اور نوجوانوں میں کھیلوں کیلئے اشتیاق پیدا ہو۔