پشاور(پ ر) عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا کے زیراہتمام بابڑہ کے واقعے کے 73سال مکمل ہونے پر یوم بابڑہ انتہائی عقیدت و احترام سے منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ صوبہ بھر میں تحصیل سطح پر تقاریب منعقد ہوں گے جس میں شہدائے بابڑہ کو خراج عقیدت پیش کیا جائیگا۔

اے این پی خیبرپختونخوا کے صدر ایمل ولی خان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام ضلعی صدور کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ وہ ان تقاریب میں شعراء ،ادیبوں اور طالبعلموں کی شرکت یقینی بنائیں۔ شعراء شہدائے بابڑہ کو منظوم عقیدت پیش کریں گے اور ادیب مقالوں کے ذریعے تاریخی حقائق بیان کریں گے۔ تقاریب میں تمام ذیلی تنظیموں کو بھی بھرپور شرکت کی ہدایت کی گئی ہے۔ اسی طرح چارسدہ میں 12اگست کو یادگار شہدائے بابڑہ پر حاضری دی جائیگی اور دعائیہ تقریب منعقد ہوگی جس میں صوبائی صدر ایمل ولی خان اور دیگر رہنما شرکت کریں گے۔

بعد ازاں 12اگست کو شام پانچ بجے باچاخان مرکز پشاور میں بھی تقریب منعقد ہوگی جس میں پروفیسر صاحباب، مورخین اور ادیب تاریخی حوالوں سے بابڑہ کے واقعے پر روشنی ڈالیں گے۔ تمام تقاریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہوں گے اور شہدائے بابڑہ کو بھرپور خراج عقیدت پیش کریں گے۔