پشاور(پ ر) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیارولی خان نے کہا ہے کہ تاریخ کی درستگی کیلئے برطانوی حکومت سانحہ قصہ خوانی پر شہداء سے معافی مانگے اور اپنی غلطی تسلیم کریں۔

سانحہ قصہ خوانی کے 91سال مکمل ہونے پر جاری پیغام میں اے این پی سربراہ نے کہا ہے کہ برطانوی حکومت کو پارلیمنٹ میں ان شہداء سے معافی مانگنی چاہئیے اور اپنی غلطی تسلیم کرنی چاہئیے۔ تاریخ کو غلط رنگ دے کر غلطیوں اور ظلم کو چھپایا نہیں جاسکتا، حقیقت سامنے آہی جاتی ہے۔ پوری دنیا کو یہ بات منوانی ہوگی کہ انگریزوں نے اس وقت طاقت کا غلط استعمال کرکے سینکڑوں نہتے کارکنان کو شہید کیا۔ اے این پی سربراہ نے کہا کہ قصہ خوانی کی گلیاں، سڑکیں اور بالخصوص یادگار شہداء آج بھی ہر شہید کی قربانی کی گواہی دے رہے ہیں۔ قصہ خوانی سمیت دیگر واقعات میں شہید کرنے والوں کی قربانیوں ہی کی بدولت ہمیں آزادی نصیب ہوئی۔ جس طرح قصہ خوانی کے شہداء نے اپنی مٹی کی آزادی، دفاع کیلئے قربانیاں دیں، ہم بھی اسی راہ پر چلیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ خدائی خدمتگار تحریک سے لے کر عوامی نیشنل پارٹی تک ہمارے کارکنان و رہنمائوں کو نشانہ بنایا گیا لیکن ہم پیچھے نہیں ہٹیں۔اس دھرتی کی حفاظت، قومی حقوق کے حصول، آئینی و پارلیمانی جنگ میں اے این پی صف اول میں کھڑی رہے گی۔اے این پی شہداء کی امین جماعت ہونے کے ناطے تمام شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے ۔