بدھ19اکتوبر 2011ء
پشاور ( پ ر ) پختون سٹوڈنٹس فیڈریشن کے زیر اہتمام عوامی نیشنل پارٹی کے بزرگ
رہنما نیک عمل خان مرحوم کی یاد میں تعزیتی ریفرنس باچاخانؒ مرکز میں زیر صدارت
صوبائی ایڈوائزر پختون ایس ایف ارباب محمد طاہر خان خلیل منعقد ہوا ‘ اس موقع پر
ختم قرآن پاک کا اہتمام بھی کیا گیا تھا ‘ ختم قرآن کی بابرکت تقریب کے بعدنیک عمل
خان کے بلندی ¿ درجات کےلئے اجتماعی فاتحہ خوانی بھی کی گئی‘ ریفرنس میںسینئر
صوبائی وزیر بشیر احمد بلور‘ صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت میاں افتخار حسین ‘ اے
این پی کے صوبائی جنرل سیکرٹری تاج الدین خان ‘ ضلعی صدر میاں مشتاق ‘ سٹی ڈسٹرکٹ
کے صدر ملک غلام مصطفی ‘ جنرل سیکرٹری نواب علی یوسفزئی ‘ رکن صوبائی اسمبلی
عالمگیر خلیل ‘ پختون ایس ایف کے عہدیداروں اور کارکنوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی
‘ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر بشیر احمد بلور ‘ صوبائی وزیر اطلاعات
و ثقافت میاں افتخار حسین ‘ اے این پی کے صوبائی جنرل سیکرٹری تاج الدین خان ‘
پختون ایس ایف کے صوبائی ایڈوائزر ارباب محمد طاہر خان خلیل ‘ سٹی ڈسٹرکٹ کے صدر
ملک غلا م مصطفی ‘ اے این پی ضلع پشاور کے صدر میاں مشتاق اور ایم پی اے عالمگیر
خان خلیل نے نیک عمل خان مرحوم کی ملک و قوم اور پارٹی کے لئے خدمات پر انہیں خراج
عقیدت پیش کیا اور کہا کہ نیک عمل خان جیسی شخصیت صدیوں میں ایک بار ہی پیدا ہوتی
ہے اور ان کی وفات سے پیدا ہونے خلاءمدتوں پر نہیں ہو سکے گا ‘ نیک عمل خان مرحوم
کی پارٹی کے لئے خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں‘ انہوں نے کہا کہ نیک عمل خان نے اپنی
تمام عمر پختون کاز کے لئے وقف کر رکھی تھی اور وہ ایک عہد کی حیثیت رکھتے تھے ‘
اپنے خطاب میں صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت میاں افتخارحسین نے کہاکہ باچاخانؒ کی
تحریک کے خاتمے کے خواب دیکھنے والے خود ختم ہو جائیں گے ‘ دہشت گردی کے دور میں
امن کا قیام باچاخانؒ کے سپاہیوں ہی کا کارنامہ ہے ‘ باچاخانؒ نے جس اندازمیں پختون
قوم کو متحد و منظم کیا اس کی تاریخ عالم میں کوئی مثال نہیں ملتی ‘ یہاں تک کہ
گاندھی جی نے بھی اپنی کتاب میں باچاخانؒ کی خدمات کی تعریف و توصیف بہت ہی اچھے
انداز میں کی ‘ انہوں نے کہاکہ نوجوان نسل خدائی خدمتگار تحریک کے تسلسل عوامی
نیشنل پارٹی کے جھنڈے تلے متحد ہو کر تحریک کو آگے لے جانے میں اپنا کردار ادا کریں
اور اپنی ذمہ داریاں نبھائیں ‘ انہوں نے کہاکہ سینیٹ الیکشن سے قبل حکومت توڑنے کے
مشورے دینے والے درحقیقت حکومت کی کارکردگی سے خائف ہیں اور انہیں اپنی سیاسی موت
سامنے نظر آرہی ہے ‘ پارٹی کے کارکنوں اور ارکان اسمبلی نے اپنی جانیں دیکر یہ ثابت
کردیا کہ عوامی نیشنل پارٹی ہی وہ واحد سیاسی جماعت ہے جو عوام کی خاطر اپنی جانیں
بھی قربان کرنے سے دریغ نہیں کرتی ‘ انہوں نے نیک عمل خان کو سلام عقیدت پیش کرتے
ہوئے کہا کہ ان کی سوچ اور فکر ہم سب کی مشترکہ سوچ وفکر ہے اور شمع سے شمع جلانے
کا سلسلہ جاری رہے گا ‘ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پختون ایس ایف کے صوبائی ایڈوائزر
ارباب محمد طاہر خان خلیل نے کہا کہ باچا خانؒ نے فرنگی سامراج سے جس جذبہ کے تحت
آزادی کے حصول کےلئے جدوجہد کی نیک عمل خان مرحوم کے دل میں اس جذبہ کی شمع آخری
وقت تک جلتی رہی ‘ باچاخانؒ کے فلسفے کو خان عبدالولی خان نے آگے بڑھایا اور آج
اسفندیار ولی خان کی قیادت میں پختون قوم نے اپنے بیشتر مفادات کا تحفظ کرکے انہیں
حاصل کر لیاہے ‘ جن میں صوبے کے نام کی تبدیلی ‘ اپنے وسائل پر اپنا اختیار اور
کالاباغ ڈیم منصوبے کا خاتمہ شامل ہیں ‘ انہوں نے کہاکہ اے این پی کے اگلی منزل
صوبے اور عوام کی ترقی و خوشحالی ہے اور اس کے لئے سب سے زیادہ ذمہ دار ی نوجوان
نسل پر عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے اسلا ف کے نقش قدم پر چلتے ہوئے صوبے کو ترقی کی
راہ پر گامزن کرنے میں اپنا کردا ر ادا کریں ۔
جاری کردہ
مرکزی میڈیا سیل
باچاخانؒ مرکز پشاور