مورخہ 17 ستمبر 2010ء
پریس ریلیز

پشاور (پ ر) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی نائب صدر بشریٰ گوہر ایم این اے اور صوبائی
نائب صدر شگفتہ ملک ایم پی اے نے گزشتہ روز نوشہرہ کے سیلاب متاثرین کیمپوں کا دورہ
کیا اور سیلاب سے متاثرہ خاندانوں میں خوراکی اجناس اور نقد رقوم تقسیم کئے۔
اس موقع پر اے این پی کے مرکزی نائب صدر بشریٰ گوہر اور صوبائی نائب صدر شگفتہ ملک
ایم پی اے نے متاثرین کو یقین دلایا کہ وہ تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لا کر
متاثرین کی ہر ممکن مدد کریں گے اور ان کو اپنے اپنے آبائی علاقوں میں دوبارہ آباد
کرنے تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ اے این پی کی صوبائی حکومت
تاریخ کے بدترین سیلاب سے نبردآزما عوام کےلئے امدادی سرگرمیوں کےساتھ ساتھ سیلاب
متاثرین کی بحالی کےلئے کوشاں ہے جس کی واضح مثال گزشتہ دنوں صوبہ پختون خوا کے
وزیر اعلیٰ امیر حیدر خان ہوتی صاحب کا صوبہ بھر کے متاثرہ اضلاع کا دورہ ہے جس میں
وزیر اعلیٰ امیر حیدر خان ہوتی صاحب نے متاثرہ اضلاع میں سیلاب سے متاثرہ خاندانوں
میں تین تین لاکھ روپے کے چیک تقسیم کئے ہیں۔ جس پر ہم اُن کو خراج تحسین پیش کرتے
ہیں کہ اُنہوں نے مشکل وقت میں قوم کا ساتھ دیا۔
ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے گزشتہ روز ضلع نوشہرہ میں سیلاب متاثرین کیمپوں کے
دورے کے موقع پر کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم سیاست کو عبادت سمجھتے ہیں اور عوام کی
بے لوث خدمت پر یقین رکھتے ہیں ہم بلارنگ و نسل‘ زبان‘ جماعتی اور نظریاتی تفریق سے
بالاتر ہو کر عوام کی خدمت کر رہے ہیں اور یہی ہماری جماعت کا شیوہ ہے۔ اُنہوں نے
اس موقع پر سیلاب متاثرین کےلئے کھانے تیار کرنےوالے انتظامیہ سے بات چیت کرتے ہوئے
معیاری کھانا تیار کرنے کی تاکید کرتے ہوئے صفائی کا خاص خیال رکھنے کی تلقین کی۔
اُنہوں نے کہا کہ اے این پی واحد عوام کا نمائندہ جماعت ہے جو عوام کی اُمنگوں پر
پوری اُتر رہی ہے اور عوام کی خدمت کرنے اور بحرانوں سے نکالنے کے بھرپور صلاحیت
رکھتی ہے۔
جاری کردہ

شگفتہ ملک ایم پی اے
صوبائی نائب صدر اے این پی‘ خیبر پختون خوا