مورخہ 16 جنوری 2010
پریس ریلیز

پشاور (پ ر) گزشتہ روز عوامی نیشنل پارٹی ضلع پشاور کے ضلعی کابینہ اور تمام یونین کونسلوں کی صدور اور جنرل سیکرٹریوں کا ایک خصوصی اجلاس 20 جنوری کو فخر افغان باچا خان کے بائیسویں اور رہبر تحریک خان عبدالولی خان کے چوتھی برسی کے سلسلے میں باچا خان مرکز پشاور میں زیر صدارت ضلعی صدر میاں مشتاق احمد منعقد ہوا۔ اجلاس میں اے این پی کے مرکزی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری ہاشم بابر‘ اے این پی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات ارباب محمد طاہر خان خلیل‘ صوبائی سیکرٹری مالیات ارباب نجیب اللہ خان اور صوبائی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر خوشدل خان ایڈووکیٹ نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اجلاس میں باچا خان اور خان عبدالولی خان کی برسی کے تمام تر انتظامات کو آخری شکل دے دی گئی اور سیکورٹی کے انتظامات کےلئے بھی لائحہ عمل طے پایا گیا۔
اجلاس سے عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات ارباب محمد طاہر خان اور ضلعی صدر میاں مشتاق احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 20 جنوری کو فخر افغان باچا خان اور رہبر تحریک خان عبدالولی خان کی برسیاں شان و شوکت سے منائی جائینگی۔ اُن کی زندگی‘ افکار‘ عدم تشدد کا فلسفہ اور ان کا کردار تمام دنیا کےلئے ایک مثالی نمونہ ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ان عظیم رہنماﺅں کی قربانیوں اور طویل جدوجہد کی بدولت آج ہم آزاد وطن میں سانس لے رہے ہیں۔ وطن کی آزادی اور وطن سے انگریز سامراج بھگانے میں اُنہوں نے اہم اور کلیدی کردار ادا کیا۔ اُنہوں نے دشمنوں کے ہاتھوں بہت سختیاں جھیلیں‘ صعوبتیں برداشت کیں اور اپنی قیمتی زندگی کا بیشتر حصہ جیل کے سلاخوں کے پیچھے گزاری لیکن اُنہوں نے ہار نہ مانی اور سامراجیت &
#1705;ا قلع قمع کرنے کےلئے پر عزم رہے۔ ان کے قول اور فعل میں کوئی تضاد نہ تھا اور اُنہوں نے عدم تشدد کے فلسفے کے ذرےعے دشمنوں کو بھی اپنا گرویدہ بنایا۔
اُنہوں نے کہا کہ موجودہ حالات اور دہشت گردی سے چھٹکارا پانے کےلئے اے این پی کی صوبائی حکومت پر عزم ہے اور اسکا خاتمہ اے این پی کا مشن ہے اور ہم خدا کے فضل سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ضرور کامیابی سے ہمکنار ہوں گے۔ اجلاس کے آخر میں خاتون رکن صوبائی اسمبلی شگفتہ ملک کے والد بزرگوار حاجی ملک فرخ سیر (مرحوم) کی ایصال ثواب کےلئے اجتماعی دعا کی گئی اور ان کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا گیا۔
جاری کردہ

عبدالرحیم
جنرل سیکرٹری اے این پی
ضلع پشاور‘ پختون خوا