پریس ریلیز

پشاور (پ ر) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان اور خیبر پختون کے
صدر سینیٹر افراسیاب خٹک نے مردان کینٹ میں پنجاب رجمنٹ سنٹر پریڈ گراﺅنڈ میں خودکش
حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا
اظہار کیا ہے۔
باچا خان مرکز پشاور سے جاری کردہ مشترکہ مذمتی بیان میں اُنہوں نے کہا کہ دہشت
گردوں کے خلاف قوم کے اتحاد کے بعد اب یہ عناصر بزدلانہ کارروائیوں پر اُتر آئے ہیں
مگر دہشت گردی کے خاتمے کےلئے عوامی نیشنل پارٹی اور عوام کا عزم اس طرح کی بزدلانہ
کارروائیوں سے متزلزل نہیں ہو گا۔ اُنہوں نے کہا کہ اس طرح کے واقعات سے ہماری
سیکورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں ہونگے بلکہ مزید مضبوط ہونگے۔
اُنہوں نے دہشت گردی کے اس المناک واقعے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کا
اظہار بھی کیا اور مرحومین کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔
عوامی نیشنل پارٹی کے قائدین نے پارٹی کی مقامی تنظیم کو ہدایت کی کہ وہ زخمیوں
کےلئے خون کے عطیات جمع کرے اور جاں بحق افراد کے لواحقین کی داد رسی کےلئے ہر ممکن
اقدام کیا جائے۔

جاری کردہ

ارباب محمد طاہر خان خلیل
صوبائی سیکرٹری اطلاعات اے این پی
خیبر پختون خوا