منگل 18جنوری 2011
پشاور ( پ ر)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان کی ہدایت پر پارٹی کی
خیبر پختونخواشاخ کے صدر سینیٹر افراسیاب خٹک کی سربراہی میںقائم خصوصی کمیٹی نے
پارٹی کے مرحوم رہنما اور ممتاز شاعر اجمل خٹک کے مزار کے نقشے کی منظوری دید ی ہے
‘ اس سلسلے میں ایک اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا جس میں کمیٹی کے ارکان صوبائی وزیر
اطلاعات میاںافتخار حسین ‘ اجمل خٹک مرحوم کے فر زند ایمل خٹک اور عوامی نیشنل
پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری تاج الدین خا ن نے شرکت کی اس موقع پر انجینئرز کی
جانب سے کمیٹی کے سامنے تین نقشے منظوری کےلئے پیش کئے گئے جن میں سے ایک کی منظوری
دیدی گئی ‘ اجمل خٹک مرحوم کے مزار پر ان کی شاعری کے نمونے ماربل اور ٹائلز پر ثبت
کرکے نصب کئے جائیں گے اور مزار پر کام کے آغاز کی رسم افتتاح عنقریب ہوگی ‘ کمیٹی
کے صدر سینیٹر افراسیاب خٹک نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ اجمل خٹک مرحوم کے
شایان شان مزار کی تعمیر کو یقینی بنایا جائے اور تعمیراتی میٹریل کا خاص خیال رکھا
جائے ‘ انہوں نے کہا کہ زندہ قومیں اپنے مشاہیر اور قومی ہیروز کو کبھی بھی نہیں
بھولتیں بلکہ ان کے نقش قدم پر چل کر ان کے مشن کو مکمل کرتی ہیں ۔

جاری کردہ

میڈیا سیل باچا خانؒ مرکز پشاور