پشاور منگل 28جون 2011ء
عوامی
نیشنل پارٹی(اے این پی) کے قائم مقام مرکزی صدر سینیٹر حاجی محمد عدیل نے کہا ہے اے
این پی چاروں صوبوں اور تمام ضلعوں میں یکم جولائی سے صوبائی خودمختاری کے حصول کا
جشن منائے گی اور یہ تقریبات ایک مہینہ جاری رہیں گی ، مرکزی میڈیا سیل باچاخانؒ
مرکز پشاور سے جاری کئے گئے ایک بیان میں حاجی محمد عدیل نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے
باقی ماندہ وزارتوں کی صوبوں کو منتقلی کے ذریعے کنکرنٹ لسٹ کے مکمل خاتمے کی آئینی
ذمہ داری پوری کر دی ہے جو عوامی نیشنل پارٹی کے قائدین کی 64سالہ جدوجہد کا نتیجہ
ہے اور اس میں کوئی شبہ نہیں ہونا چاہئے کہ اگر ان امور پر ابتدا ہی سے عمل درامد
ہوتا تو ملک ٹوٹنے کی نوبت نہ آتی ، انہوں نے کہا کہ کنکرنٹ لسٹ کے خاتمے سے ایک
نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی گئی ہے اور وفاقی اکائیوں کو وفاقیت کی اصل روح کے
مطابق حقیقی خودمختاری دے دی گئی ہے جو پاکستان کی آئینی تاریخ میں ایک سنگ میل کا
درجہ رکھتی ہے ، اس مسرت اور خوشی کو عوامی نیشنل پارٹی بھرپور طور پر منائے گی اور
چاروں صوبوں میں اپنے قائدین کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے تقریبات اور
جشن کا اہتمام کیا جائے گا ، انہوں نے کہا کہ یہ تقریبات پورے ایک ماہ جاری رہیں گی
اور صوبوں کے ساتھ ساتھ ضلعی سطح پر بھی ایسی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا ،
انہوں نے اس موقع پرفخر افغان باچاخانؒ ، رہبرتحریک خان عبدالولی خان اور پارٹی کے
صدر اسفندیارولی خان کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور پختون قوم کو مبارکباد پیش کی
اور کہا کہ صوبائی خودمختاری کا حصول باچا خان ؒاور خان عبدالولی خان کی قیادت اور
جدوجہد کا ثمر ہے ، انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ اکابرین کی جدوجہد کی کامیابی
کوشایان شان طور پر منانے میں کوئی دقیقہ فرو گزاشت نہ کریں ۔
جاری کردہ
مرکزی میڈیا سیل
باچا خانؒ مرکز پشاور