پشاور، عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے صدر سینیٹر
افراسیاب خٹک نے کہا ہے کہ اے این پی ہمیشہ سے خواتین اور مردوں کی برابری پر یقین
رکھتی ہے اور خواتین کوعملی سیاست میں کردار ادا کرنے کےلئے تیار کرنے کا سہرا فخر
افغان باچاخانؒ کے سر ہے جنہوں نے خدائی خدمتگار تحریک کے ذریعے خواتین کو میدان
عمل میں نکلنے کی تعلیم دی ۔ خدائی خدمتگاروں میں نہ صرف مرد بلکہ خواتین کی بھی
ایک بڑی تعداد شامل ہے ۔
وہ عالمی یوم خواتین کی مناسبت سے عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام
نشتر ہال میں صوبائی نائب صدر ایم پی اے شگفتہ ملک کی زیر صدارت تقریب سے بحیثیت
مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر اے این پی کے صوبائی جنرل سیکرٹری ارباب
محمد طاہرخان خلیل، ایم پی اے منورفرمان، ایم پی اے شگفتہ ملک، خاتون صحافی فرزانہ
علی اور سول سوسائٹی کی نمائندگان نے بھی خطاب کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر افراسیاب خٹک نے کہا کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی میں
خواتین کا کردار خصوصی اہمیت کا حامل ہے، خواتین کو حقو ق دئیے بغیر کوئی بھی
معاشرہ اور ملک ترقی نہیں کر سکتا ، عوامی نیشنل پارٹی شروع دن سے ہی صنفی امتیاز
کے خلاف جدوجہد کر رہی ہے۔ اور آج کی تقریب میں بڑی تعدادمیں خواتین کی شرکت اس بات
کا ثبوت ہے کہ ہماری ماﺅں بہنوں کو ہماری جدوجہد سے اتفاق ہے اوروہ اے این پی پر
اعتماد کرتی ہیں ، انہوں نے کہاکہ اے این پی کی صوبائی حکومت نے خواتین کی فلاح
وبہبود کےلئے مختلف منصوبے شروع کررکھے ہیں جن کی تکمیل سے نہ صرف خواتین اپنے
پیروں پر کھڑی ہو سکیں گی بلکہ معاشرے کی ایک فعال اکائی کے طور پر ابھر کر سامنے
آئیں گی۔
انہوں نے کہا کہ عنقریب صوبے میں خاتون محتسب مقرر کی جائے گی جس سے خواتین کے
مسائل کے حل میں بڑی پیشرفت ہو گی اور انہیں عدالتوں کے چکر لگانے سے نجات مل جائے
گی اس کے علاوہ بھی خاتون محتسب کے پاس ہر قسم کے حقوق کی پامالی اور دیگر
درخواستیں جمع کرائی جاسکیں گی جن پر باقاعدہ کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ
موجودہ پارلیمنٹ نے 18ویں، 19ویں اور20ویں ترمیم کی صورت میں اہم کارنامے انجام
دیئے ہیں جن سے خواتین کو ترقی کے دھارے میں شامل کرنے میں خاطر خواہ کامیابی ملے
گی۔
سنیٹرخٹک نے کثیر تعداد میں خواتین کی تقریب میں شرکت پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا
اور اس یقین کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی پارٹی تقاریب میں خواتین بڑھ چڑھ کر شرکت
کرینگی ، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اے این پی کے صوبائی جنرل سیکرٹری ارباب محمد
طاہرخان خلیل نے کہا کہ خواتین اگر اپنے حقوق کےلئے مردوں کے شانہ بشانہ کام کریں
تو نہ صرف ترقی کی راہیں کھلیں گی بلکہ ایک مثالی معاشرہ کی تشکیل بھی ممکن ہو سکے
گی ، عوامی نیشنل پارٹی نے ہمیشہ خواتین کو مردوں کے برابر حقوق دیئے ہیں ، اور یہی
وجہ ہے کہ خواتین نے ہر دو ر میں اے این پی پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا ہے ،انہوں
نے کہاکہ پختون خواتین نے ہر دور میں مردوں کے شانہ بشانہ جدوجہد کی ہے جو تاریخ کا
انمٹ باب ہے ، جب اے این پی کی حکومت بنی تو طالبان نے خواتین کی تعلیم پر پابندی
کامطالبہ کیا مگر عوامی نیشنل پارٹی نے 7سو شہداءکا نذرانہ پیش کرکے قوم کی بچیوں
کا مستقبل بچایا اور آج صوبے بھرمیں خواتین اگر آزادی سے اپنی سر گرمیاں جاری رکھے
ہوئے ہیں تو یہ انہی شہداءکے خون کے طفیل ہے، انہوں نے کہا کہ خواتین کو حقوق دیئے
بغیر کوئی بھی جدوجہد کامیابی سے ہمکنار نہیں ہوسکتی ، اس لئے اے این پی تنظیمی سطح
پر خواتین کو زیادہ سے زیادہ نمائندگی دیتی ہے ، انہوں نے خواتین سے اپیل کی کہ
پختون قوم کے بہتر مستقبل کےلئے پارٹی قائد اسفندیار ولی خان اور اے این پی کے ہاتھ
مضبوط کریں ، اس موقع پر معروف شاعر رحمت شاہ سائل نے خواتین کے عالمی دن کے حوالے
سے منظوم کلام پیش کیا اور فضل اکبر راہی نے ترانہ سنایا ۔