پشاور(پ ر) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین نے صوابی میں واقع ٹیسٹ کرکٹر یاسر شاہ کی رہائش گاہ پر گئے اور اُن سے اُن کی والدہ کی وفات پر تعزیت کی اور انہیں کرکٹ کی تاریخ کے82سالہ ریکارڈ توڑنے پر مبارکباد بھی پیش کی ،اس موقع پر ٹیسٹ کرکٹر کے بھائی اور والد بھی موجود تھے،جن کے ساتھ بھی میاں افتخار حسین نے مرحومہ کی ایصال ثواب کیلئے تعزیت کا اظہار کیا،اس موقع پر میاں افتخار حسین کا کہنا تھا کہ یاسر شاہ کو رب کریم نے بڑے سانحے کے بعد ایک بڑے اعزاز سے بھی نوازا ہے اور یہ پاکستان اور خصوصی طور پر خیبر پختونخوا کیلئے بڑا اعزاز ہے کہ اس سرزمین کے ایک نوجوان نے دنیائے کرکٹ کے 82سالہ ریکارڈ کو توڑا،میاں افتخار حسین کا مزید کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کی سرزمین کے نوجوان کھلاڑی ملک وقوم کا سرمایہ افتخار ہیں ، یاسر شاہ نے 82سالہ ریکارڈ توڑ کر پاکستان کا نام روشن کیا،تیز ترین 200وکٹیں حاصل کرنے پر خیبر پختونخوا کا ہر فرد یاسر شاہ پر فخر کرتا ہے ۔ میاں افتخارنے کہا کہ یاسر شاہ نے اپنی محنت اور صلاحیتوں کے ذریعے نئی تاریخ رقم کی ہے،قوم کو یاسر شاہ کی کارکردگی پر فخر ہے اورمستقبل میں یاسر شاہ کی مزید کامیابیوں کیلئے دعا گو ہوں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں اوردنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے کھلاڑی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔