پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کی رکن صوبائی اسمبلی ثمر ہارون بلور نے کہا ہے کہ مہنگائی ،بیروزگاری اور معاشی بد حا لی ملک میں جرائم میں اضافے کا سبب بن رہی ہے جبکہ عمران خان حکومت کو ماضی کے شکوہ شکایت اور اپوزیشن پر غیر جمہوری آمرانہ طرز عمل سے فرصت ہی نہیں،ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس مستقبل کی کوئی منصوبہ بندی نہیں ،ترقیاتی کام ٹھپ اور بزنس کا پہیہ جام ہے،عوام کے لیے مہنگائی ،بے روزگاری اور یوٹیلیٹی بلز میں مسلسل اضافہ ناقابل برداشت ہوچکا ہے،انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں تجاوزات کے خاتمہ کی آڑ میں لوگوں کو بے روزگار او ر بے گھر کیاجارہا ہے اور اس کے برعکس نوکر شاہی حکومت کو بے وقوف بنا کر اپنی بالادستی مضبوط کررہی ہے۔ثمر بلور نے کہا کہ ڈالر کے اتار چڑھاؤ اور اسٹاک ایکسچینج میں مسلسل بے یقینی حکومت کی ناکام معاشی پالیسی کا شاخسانہ ہے اور حکمرانوں کے غیر ذمہ دارانہ رویے اقتصادی میدان میں ملک کو دیوالیہ کردیں گے ، انہوں نے کہا کہ حکومتی عرصہ اقتدار عوام کے لیے مشکلا ت کا باعث بنا ہوا ہے ،اب عمران خان غریب عوام کو ریلیف دینے کو یوٹرن لیں، انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت ہچکولے کھا رہی ہے لہٰذا حکومت معیشت کے استحکام کیلئے ٹھوس اقدام کرے،ثمر بلور نے کہا کہ جس وزیراعظم کو خود اپنی حکومت پر اعتماد نہیں وہ عوام کو کس طرح اعتماد میں لیں گے ، عمران خان کو تین ماہ میں ہی قبل از وقت الیکشن دکھائی دینے لگے ہیں،انہوں نے کہا کہ حکومت سیاسی مخالفین کو دیوار سے لگانے کی بجائے عوام کو ریلیف کی فراہمی پر توجہ دے۔