بدھ 24اکتوبر 2012ء
پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے قائد اسفندیار ولی خان اور صوبائی صدر سینیٹر افراسیاب خٹک نے پارٹی کے مرکزی و صوبائی سیکرٹریٹ باچاخان مرکز پر بم حملے اور فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے ‘ اور اسے انتہائی بزدلانہ فعل قرار دیاہے ‘ مرکزی میڈیاسیل باچاخان مرکز سے جاری کئے گئے ایک مذمتی بیان میں عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیارولی خان نے کہا کہ اس قسم کے اوچھے ہتھکنڈوں سے دہشت گردی کے خلاف پارٹی اور قوم کا عز م متزلزل نہیں ہوگا ‘ امن کے مرکز کو نشانہ بنانا انتہائی گھناؤنی حرکت ہے ‘ عوامی نیشنل پارٹی دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت کر رہے گی ‘ انہوں نے کہا کہ باچاخان مرکز پر حملہ کرنے والے قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے ‘ انہوں نے کہا کہ اے این پی عدم تشدد کی سیاست کی قائل و علمبردار ہے جو امن کے دشمنوں کو پسند نہیں مگر ہم اس قسم کی بزدلانہ حرکتوں سے مرعوب ہونے والے نہیں ‘ انہوں نے کہا کہ تشدد سے نفرت اور امن سے محبت اے این پی کی پالیسیوں کا بنیاد ی محور ہے ‘ اور پختونوں کی بقاء کی جنگ بھی اسی نظریئے کے تحت لڑی جارہی ہے ‘ انہوں نے کارکنوں کو پر امن رہنے کی تلقین بھی کی۔

سندھ سے صوبائی صدر سنیٹر شاہی سید، پنجاب میں پارٹی صدر عارف اظہر اور صوبائی ترجمان امیربہادرخان ہوتی، جی ایم سید ریسرچ بورڈ کے حیدرلاشاری سمیت مختلف تنظیموں کی جانب سے واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا ہے