پشاور(پ ر) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری و پارلیمانی لیڈر سردارحسین بابک نے کہا ہے کہ نوشہرہ پی کے 63 اور ضلع کرم این اے 45ضمنی انتخابات میں عوام بھرپور انداز میں اے این پی کے امیدواروں کو کامیاب بنائیں۔ جمہوریت ہی تمام مسائل کا حل ہے، عوام جمہوری ہونے اور جمہوریت کی مضبوطی میں اپنا حصہ ڈالیں۔

باچاخان مرکز پشاور سے جاری بیان میں اے این پی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سردارحسین بابک نے تمام پختون ترقی پسند سیاسی کارکنوں سے درخواست کی کہ وہ الیکشن مہم میں بھرپور حصہ لیں اور اے این این پی کے امیدواروں کو کامیاب بنانے کیلئے تمام تر توانائیاں صرف کریں۔ اے این پی نے جمہوریت کی مضبوطی، پختونوں کے حقوق کے حصول اور اس خطے کی سلامتی کی خاطر بیش بہا قربانیاں دی ہیںاور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں امن کی خاطر صف اول کا کردار ادا کیا۔

سردارحسین بابک نے مزید کہا کہ 18ویں آئینی ترمیم میں کلیدی کردار ادا کرنیوالی اے این پی کو کامیاب بنانا صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرسکتی ہے۔ اے این پی دورحکومت میں صوبے میں تعلیمی اداروں کا جال بچھایا گیا اور تعلیمی اداروں میں ڈراپ آئوٹ کی شرح میں کافی کمی بین الاقوامی تجزیہ کار اداروں نے رپورٹ کی ہے۔ ہائرایجوکیشن کی شرح میں اضافہ ہوا، تمام سرکاری محکموں کے ملازمین کی تنخواہ میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے کو ملا جبکہ موجودہ حکومت سرکاری ملازمین پر لاٹھیاں برسارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اے این پی نے ہمیشہ امن کے قیام کیلئے عملی اقدامات اٹھائے ہیں اور ہمیشہ سے یہ پالیسی رہی ہے کہ تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ دوستانہ اور برادرانہ تعلقات قائم ہو۔ اے این پی صوبائی خودمختاری پر من و عن عملدرآمد کو ملک کی ترقی اور مضبوطی کیلئے انتہائی ضروری سمجھتی ہے ۔ اسی طرح اے این پی ملک میں بسنے والے ہر شہری کی جان و مال کا تحفظ چاہتی ہے اور تمام شعبوں اور محکموں کو آئین میں درج متعین اختیارات سے تجاوز نہیں کرنی چاہئیے۔

سردارحسین بابک نے کہا کہ آئین اور پارلیمان کی بالادستی کیلئے اے این پی کی لازال جدوجہد اور قربانیاں تاریخ کا حصہ بن چکی ہے۔ اے این پی کی کامیابی جمہوریت کی کامیابی ہوگی اور عوام بھرپور و پرجوش انداز میں لالٹین کو کامیاب بنائیں۔