پشاور(پ ر) عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا نے صوبہ بھر میں سوشل میڈیا کنونشنز کرانے کا اعلان کردیا جسکے پہلے مرحلے میں تین اضلاع چارسدہ، مردان اور سوات میں کنونشنز ہوں گے۔ چارسدہ میں 23فروری،مردان میں 24جبکہ سوات میں 25فروری کو سوشل میڈیا کنونشنز کرائے جائیں گے۔

صوبائی ترجمان ثمرہارون بلور کے مطابق اے این پی کے سوشل میڈیا ایکٹوسٹس، تنظیمی عہدیداران، ضلعی، تحصیل اور یونین کونسلز کی سطح پر انفارمیشن سیکرٹریز ان کنونشنز میں شرکت کریں گے ۔صوبائی ترجمان ثمرہارون بلور کے ساتھ ساتھ صوبائی انفارمیشن کمیٹی کے دیگر اراکین ان اضلاع کا دورہ کریں گے اور سوشل میڈیا کی اہمیت ، پارٹی پالیسی کی تشہیر کیلئے سوشل میڈیا ایکٹوسٹس کے ساتھ تربیتی نشستوں کا اہتمام کیا جائیگا۔

اے این پی کی صوبائی ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا کنونشنز صوبائی صدرایمل ولی خان کی ہدایت پر کرائے جارہے ہیں،پارٹی کے تمام سوشل میڈیا ایکٹوسٹس ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، تربیت اور ملاقاتوں میں نئی سوچ سامنے آئے گی۔پارٹی کا بیانیہ مزید موثر بنانے اور تشہیر کیلئے سوشل میڈیا ایکٹوسٹس کا کردار نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بہت جلد صوبائی سطح پر بھی کنونشن کا انعقاد کیا جائیگا جس میں صوبائی و مرکزی قائدین بھی شرکت کریں گے۔کنونشنز کے دوسرے مرحلے میں دیگر اضلاع کی ٹیموں کے ساتھ ملاقاتیں اور تربیتی نشستیں ہوں گی۔