پشاور( پ ر) عوامی نیشنل پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ اجلاس باچا خان مرکز پشاور میں مرکزی سینئر نائب صدر امیر حیدر خان ہوتی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ملکی، بین الاقوامی اور علاقائی منظرنامے اور موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور موجودہ حکومت کے غیر آئینی اقدامات کی بھرپور مذمت کی گئی۔ اجلاس میں پارٹی کے تنظیمی امور پر بھی تفصیلی بحث کی گئی اور مجلس عاملہ کے تمام اراکین نے اپنی رائے اور تجاویز ہاؤس کے سامنے پیش کیں اور موجودہ سیاسی صورتحال میں پارٹی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔

اجلاس میں تمام صوبوں اور یونٹوں کی تنظیموں نے اپنی کارکردگی رپورٹس بھی پیش کیں۔ اجلاس میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ بارے بھی تفصیلی بات چیت ہوئی ، مرکزی سینئر نائب صدر امیر حیدر خان ہوتی نے مجلس عاملہ کو پی ڈی ایم بارے تمام صورتحال سے آگاہ کیا اور پی ڈی ایم میں عوامی نیشنل پارٹی کے موقف کی تفصیل ہاؤس کے سامنے پیش کیں۔

مرکزی مجلس عاملہ نے پارٹی قیادت پر پی ڈی ایم بارے اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔مرکزی مجلس عاملہ اجلاس میں ہونے والے تمام فیصلے پارٹی کے مرکزی کونسل کے سامنے منظوری کے لئے رکھے جائیں گے۔ مرکزی کونسل کے 10 فروری کو ہونے والے اجلاس کے بعد عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر امیر حیدر خان ہوتی سہ پہر 3 بجے باچا خان مرکز میں اہم پریس کانفرنس کریں گے۔