پشاور(پ ر) عوامی نیشنل پارٹی بلوچستان کے ترجمان اسد خان اچکزئی کی غائبانہ نماز جنازہ کل بروز اتوار باچا خان مرکز پشاور میں صبح 11 بجے ادا کی جائے گی۔

عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے خیبر پختونخوا کے تمام اضلاع میں پارٹی تنظیموں کو غائبانہ نماز جنازہ کے اہتمام کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ مرکزی پارٹی کی ہدایات کی روشنی میں عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا تین روزہ سوگ منائے گی اور تمام ضلعی دفاتر پر پارٹی پرچم سرنگوں رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسد اچکزئی کی شہادت لاپتہ افراد کے لواحقین کیلئے تشویشناک پیغام ہے، عوامی نیشنل پارٹی نے لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے ملک گیر احتجاج کیا، بدلے میں اسد خان اچکزئی کی لاش دی گئی۔اسد خان اچکزئی کو ہم سے جدا کرنے والے اگر یہ سمجھتے ہیں کہ اس قسم کے ہتکھنڈوں سے وہ ہمیں اپنی مٹی کے حقوق اور مظلوم قومیتوں کے لئےآواز اٹھانے سے پیچھے ہٹا دیں گے تو یہ ان کی بھول ہےہم خاموش نہیں رہیں گےاورمزید شدت کے ساتھ اپنی بات کریں گے۔ریاست کوجواب دینا ہوگاکہ ہمارےقاتل کون ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم باچا خان کے پیروکار اور ولی خان کے سپاہی اور اس مٹی کے وارث ہیں، اسفندیار ولی خان کی قیادت میں سرخ جھنڈے تلے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور اپنے ایک ایک شہید کے خون کا حساب لیں گے۔