پشاور( پ ر)عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان کی جانب سے باجوڑ کے تنظیمی معاملات کی نگرانی اور شکایتوں کو دور کرنے کیلئے پانچ رکنی کمیٹی نے ضلعی تنظیم اور دیگر اراکین سے بدھ کے روز باچاخان مرکز پشاور میں خصوصی ملاقاتیں کی اور دونوں جانب سے اراکین کو تاکید کی گئی کہ پارٹی آئین پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ باچاخان مرکز پشاور سے جاری اعلامیہ کے مطابق کمیٹی اراکین ثاقب اللہ چمکنی (صوبائی نائب صدر)، خلیل عباس (صوبائی نائب صدر)،شاہی خان شیرانی (صوبائی نائب صدر) اور صدرالدین مروت(صوبائی ترجمان) نے ضلع باجوڑ کے صدر گل افضل خان اور جنرل سیکرٹری نثار باز و دیگر اراکین سے ملاقاتیں کی۔ جسکے بعد ملک عطاء اللہ، گل زادہ اور لعلی شاہ سے بھی الگ ملاقات کی گئی۔ کمیٹی اراکین نے ضلعی تنظیم اور دیگر ضلعی رہنمائوں پر واضح کیا کہ عوامی نیشنل پارٹی میں اظہار رائے کی آزادی ہے جس کے لئے آئینی فورمز موجود ہیں۔ اسکے علاوہ سوشل میڈیا، نجی محافل اور دیگر فورمز پر پارٹی کے خلاف پروپیگنڈا برداشت نہیں کیا جائیگا۔ اگر کسی کو ایک عہدیدار یا تنظیم سے شکایت ہے تو اس کے لئے متعلقہ فورم موجود ہے۔ پارٹی ڈسپلن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ اعلامیے کے مطابق کمیٹی اراکین حتمی رپورٹ صوبائی صدر ایمل ولی خان کو پیش کریں گے۔