پشاور( پ ر) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی نائب صدر اور ملگری ڈاکٹران کے صوبائی ایڈوائزر ثاقب اللہ خان چمکنی نے کہا ہے کہ باچاخان ٹرسٹ ، اے این پی اور ملگری ڈاکٹران کی مشترکہ کوششوں سے ٹیلی میڈیسن سروس کا آغاز کردیا گیا ہے جس کے ذریعے گھر میں بیٹھے تمام افراد ٹیلیفون کے ذریعے اپنی بیماری کے بارے میں معلومات لے سکیں گے، کورونا وبا کے پھیلائو کو روکنے کیلئے احتیاطی تدابیر میں سے گھر سے بلاضرورت نہ نکلنا سب سے مقدم ہے اور اسی تناظر میں ملگری ڈاکٹران نے فیصلہ کیا کہ لوگوں کو گھروں میں ہی علاج فراہم کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیلی میڈیسن کے ذریعے لوگوں کو یہ موقع فراہم ہوگا کہ وہ کسی بھی بیماری کاعلاج بذریعہ ٹیلی فون معلوم کرسکیں گے اور ملگری ڈاکٹران کے رہنما، اراکین اور مختلف بیماریوں کے ماہر ڈاکٹرز صبح 11بجے سے دوپہر 02بجے تک لوگوں کی رہنمائی کیلئے موجود رہیں گے۔ اگر کسی کو بھی اس بارے میں معلومات درکار ہو تو ان تین نمبروں پر رابطہ کرسکتے ہیں،
091-2246851/03009079919/03454647305۔
ثاقب اللہ چمکنی نے مزید کہا کہ ملگری ڈاکٹران کی جانب سے پیر کے روز سے غرباء اور مستحق افراد میں راشن پیکجز کی تقسیم کا سلسلہ بھی شروع کیا جائیگا۔ انہوںنے ملگری ڈاکٹران کی پوری تنظیم اور رہنمائوں کا بھی شکریا ادا کیا اور ساتھ عوام سے اپیل کی کہ ان رابطہ نمبرز پر غیرضروری ٹیلیفون سے گریز کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو فائدہ پہنچایا جاسکے۔