پشاور( پ ر) اے این پی کے صوبائی جنرل سیکرٹری و ڈپٹی اپوزیشن لیڈر سردارحسین بابک نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کو شکست دینے کیلئے سب کا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ صوبے کے طول و عرض میں ہر شخص اپنی سرگرمیاں اور نقل و حرکت کو محدود رکھیں ، اپنے لئے اور دوسروں کیلئے درد سر نہ بنے۔ کورونا کو مشترکہ طور پر ہی شکست دی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون یقینی بنائے اور حکومت بھی آگاہی مہم کے ساتھ ساتھ ہسپتالوں کو ضروریات کی فراہمی پر توجہ دیں۔ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر مسلسل آگاہی پروگراموں کو شروع اور جاری رکھا جائے۔ عوام کورونا وائرس کو سنجیدگی سے لیں اور ڈاکٹروں کی ہدایات کے مطابق ہر شخص احتیاطی تدابیر اپنائے۔ سردارحسین بابک کا مزید کہنا تھا کہ حکومت عوام کو ریلیف پہنچانے کیلئے عملی اقدامات اور اعلانات یقینی بنائے، تمام نجی و کاروباری سرگرمیاں بند ہونے کی وجہ سے حکومت حالات کا سنگینی سے جائزہ لیں اور عوام کو ہر طرح سے ریلیف پہنچانے کی غرض سے حکومت انتظامیہ کے ذریعے وائرس کے پھیلنے کے روک تھام اور طبی سہولیات کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے نوجوانوں کا مسجد سے آگاہی اور احتیاطی تدابیر کو اپنانے کی دعوت کو بھی سراہا۔