پشاور( پ ر) عوامی نیشنل پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی فیصل زیب خان نے ضلع شانگلہ اور بالخصوص تحصیل پورن کے ہسپتالوں میں سہولیات کی عدم دستیابی اور وہاں خوراک کی قلت بارے توجہ دلاؤ نوٹس جمع کرادیا۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ضلع شانگلہ کے تحصیل پورن میں کورونا کیس مثبت آیا ہے جس کی وجہ سے اہل علاقہ میں بے چینی اور خوف پایا جارہا ہے، ڈاکٹرز کی جانب سے بھی کہا گیا ہے کہ مذکورہ وبا کیلئے کوئی بھی سہولت موجود نہیں۔ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال پورن میں ایمرجنسی اور دیگر علاج کیلئے کوئی سہولت دستیاب نہیں۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ جو علاقہ سیل کیا گیا ہے وہاں خوراک پہنچانے کیلئے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے گئے ہیں، وزیراعلیٰ صاحب اور محکمہ آباد کاری اس طرح خصوصی توجہ فرمائیں اور اہل علاقہ کیلئے جنگی و ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں تاکہ اہل علاقہ میں پائی جانے والی بے چینی کو دور کیا جاسکے۔