پشاور(پ ر) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ٹیلی فونک رابطے کے ذریعے خیبرپختونخوا اسمبلی میں اے این پی کے پارلیمانی لیڈر و ڈپٹی اپوزیشن لیڈر سردار حسین بابک سے اپیل کی ہے کہ کرونا وائرس کی روک تھام اور مشکل کی اس گھڑی میں اے این پی حکومت کا ساتھ دیں اور حکومتی فیصلوں کو عملی بنانے کیلئے اے این پی تنظیمی طور پر اپنا کردار ادا کریں،صوبائی حکومت اپوزیشن سے ملکر اس مہلک وباء پر قابو پانا چاہتی ہے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے سردار حسین بابک نے کہا کہ اے این پی سیاسی اختلافات سے بالاتر صوبے کے عوام کے مفاد میں کام کریگی،سیاسی اختلافات ایک طرف لیکن اس وباء کے روک تھام کیلئے عوام اور حکومت کے ساتھ ہیں۔ سردار حسین بابک نے کہا کہ اے این پی مشکل کی اس گھڑی میں قطعا سیاست نہیں کرنا چاہتی ہم صرف وہاں تنقید کرینگے جہاں پر عوام کا فائدہ ہو اور عوام کی مشکلات میں کمی آسکتی ہو۔ حکومت عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے عملی اقدامات کو یقینی بنائیں،انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کے روک تھا م کیلئے آگاہی پیغامات ضروری ہیں،پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا پر عوام کو آگاہ رکھا جائیں کہ کس طرح ہم من حیث القوم کرونا وائرس پر قابو پاسکتے ہیں،اے این پی کے صوبائی جنرل سیکرٹری نے کہا کہ احتیاطی تدابیر اس وباء سے بچاو کا واحد ذریعہ ہے،حکومتی مشینری عوامی خدمت کیلئے ہر وقت دستیاب ہونی چاہیے،ضلعی انتظامیہ کی مدد سے چھوٹے بڑے تمام ہسپتالوں میں ٹیسٹ کی سہولت فراہم کی جائے اسی طرح قرنطینہ مراکز کو کو بھی عام آبادی سے دور بنائے جائیں۔