پشاور(پ ر) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیارولی خان نے صوابی سے تعلق رکھنے والے خدائی خدمتگار تحریک کے سرگرم رکن اور صوبائی سیکرٹری مالیات مختیار خان کے والد محترم امیرغواث کاکا کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم سچے خدائی خدمتگار تھے جنہوں نے ساری عمر باچاخان،خدائی خدمتگاری اور خدمت انسانیت کے نظریے کی ترویج کی۔ صوبائی سیکرٹری مالیات مختیار خان سے ٹیلیفونک گفتگو اور تعزیت کرتے ہوئے اسفندیارولی خان نے کہا کہ مرحوم امیرغواث کاکا آخری دم تک باچاخانی پر قائم رہے، انکی کمی بلاشبہ قومی تحریک کیلئے نہ پر ہونیوالی ہے۔ مرحوم نے ہمیشہ خدائی خدمتگار تحریک کے نظریے اور فلسفے پر چلتے ہوئے انسانیت کی خدمت کی۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وبا اور راستوں کی بندش کے خاتمے کے بعد وہ خود صوابی جائیں گے اور انکی قبر پر حاضری دیں گے۔ مرحوم امیرغواث کاکا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اسفندیارولی خان نے کہا کہ انکی پوری زندگی سچائی، دیانت اور خدمت سے عبارت تھی، آج ہم باچاخان اور انکے ساتھیوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے حقیقی انسانی خدمت کرتے ہوئے امیرغواث کاکا سمیت دیگر خدائی خدمتگاران کو خراج عقیدت پیش کرسکتے ہیں۔