پشاور( پ ر) عوامی نیشنل پارٹی نے راولپنڈی پولیس کی جانب سے ماں بیٹے پر تشدد اور پشتونوں پر جاری ظلم کے خلاف خیبرپختونخوا اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی ہے۔ رکن صوبائی اسمبلی نثارمومند کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پشتونوں کے ساتھ ہر جگہ ظلم و ناانصافی ہورہی ہے، ضلع باجوڑ کے ایک خاندان پر راوولپنڈی پولیس کی جانب سے بہیمانہ تشدد کیا گیا۔پولیس نے گھر میں گھس کر ایک ماں کے سامنے اسکے بچے کو مارا پیٹا، اس موقع پر پنجاب پولیس نے انتہائی گھٹیا انداز میں ماں کے سامنے منت کے باوجود بیٹے کو مارا،ماں کو دھکا دیا گیاجس سے انکی موت واقع ہوئی۔ قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ واقعے سے پتہ چلتا ہے کہ پشتونوں کے ساتھ ظلم و ناانصافی ہورہی ہے۔ اسکے ساتھ ساتھ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اسے متفقہ طور پر منظور کرکے اس واقعے کا ازالہ کیا جائے۔