پشاور(پ ر) عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری خورشید خٹک نے نجی مصروفیات کی وجہ سے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ اپنے استعفیٰ میں خورشید خٹک نے مئوقف اختیار کیا ہے کہ وہ پارٹی کا حصہ تھے، ہیں اور رہیں گے۔ ایک ادنیٰ کارکن کی حیثیت سے باچاخان کے فلسفے اور تحریک کے ساتھ ہمیشہ کھڑے رہیں گے۔

انہوں نے اپنا استعفیٰ صوبائی صدر ایمل ولی خان کو ارسال کردیا ہے جسے منظور کرلیا گیا ہے۔ اس موقع پر اے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا کہ اے این پی خورشید خٹک اور انکے خاندان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ خورشید خٹک اور انکا خاندان پارٹی کا سرمایہ ہے اور امید ہے کہ وہ پارٹی کے ساتھ ہر مشکل وقت میں ہمیشہ کھڑے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اے این پی پشتونوں کی ترجمان جماعت ہے جہاں عہدوں کی ضرورت نہیں ہوتی۔ پشتونوں کے حقوق کیلئے یہ جنگ مشترکہ طور پر لڑیں گے۔