پشاور( پ ر) باچا خان ٹرسٹ نے خدائی خدمتگار تنظیم کی فعالیت کے بعد باچا خان ہیلتھ فاونڈیشن کے قیام کا فیصلہ کر لیا ہے۔ باچا خان مرکز پشاور میں ٹرسٹ کے سیکرٹریٹ میں خدائی خدمتگار امیر زادہ خان کے فرزند و معروف معالج ڈاکٹر شوکت امیرزادہ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ایمل ولی خان نے کہا کہ باچا خان ٹرسٹ کے زیراہتمام باچا خان ہیلتھ فاونڈیشن کا بنیادی مقصد صوبہ بھر میں صحت کے بنیادی یونٹس کا قیام عمل میں لانا ہے۔دوسرے مرحلے میں باچا خان ہیلتھ فاونڈیشن پسماندہ اضلاع میں ہسپتال بھی قائم کریگی۔ اس کے ساتھ ساتھ باچا خان ہیلتھ فاونڈیشن بلڈ کیمپس کے ساتھ ساتھ دیگر کیمپس بھی وقتا فوقتا منعقد کریگی ۔ایمل ولی خان نے اس موقع پر ڈاکٹر شوکت امیزادہ کو باچا خان ہیلتھ فاونڈیشن کا پہلا ڈائریکٹر بھی تعینات کیا اور کہا کہ باچا خان ہیلتھ فاونڈیشن کے قیام کا مقصد پختونخوا کے صحت کے نظام کو سہارا دینا ہے کیونکہ کورونا کے وبائی صورتحال میں ہمیں یہ احساس ہوا کہ جب حکومتی مشینری عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہوتی ہے تو سوشل سیکٹر میں ایک ایسے ادارے کا قیام بہت ضروری ہے جو بوقت ضرورت اپنے عوام کی خدمت کرسکیں ۔