پشاور(پ ر) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیارولی خان نے اعلان کیا ہے کہ کورونا وبا کے پیش نظر پارٹی عہدیداران، کارکنان اور ذیلی تنظیمیں اس بار بھی عید سادگی سے منائیں گے۔

باچاخان مرکز پشاور سے جاری بیان میں اے این پی کے مرکزی صدر اسفندیارولی خان نے تمام کارکنان پر زور دیا ہے کہ وبا سے بچائو کے ایس او پیز پر عملدرآمد کرتے ہوئے عید سادگی سے مانئے، ذیلی تنظیمیں، عہدیداران اور کارکنان بھی ہجوم میں جانے سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر کے ساتھ عیدالاضحٰی کی خوشیاں گھروں پر ہی منائی جائیں۔ عیدالفطر کی طرح عیدالاضحٰی میں بھی کسی عہدیدارکے حجرے پر عیدملاقاتیں نہیں ہوگی۔

اے این پی سربراہ نے کہا کہ تمام کارکنان و عہدیداران قربانی کی کھالیں باچاخان ٹرسٹ کو خود بھی عطیہ کریں اور باچاخان ٹرسٹ کیلئے قربانی کی کھالیں جمع کرنے کے مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

انہوں نے کہا کہ باچاخان ٹرسٹ مستحقین کی مدد کیلئے روز اول سے کوشاں ہیں اور اسی کیلئے خدائی خدمتگار تنظیم اور باچاخان ہیلتھ فاؤنڈیشن کی بنیاد بھی رکھی جاچکی ہیں۔ باچاخان ٹرسٹ ایجوکیشنل فاؤنڈیشن پہلے سے مستحق طلبہ و طالبات کو ملک بھر میں مفت تعلیم فراہم کررہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خدائی خدمتگار تنظیم بھی جلد ملک بھر میں اپنی خدمات کا عملی آغاز کریں گے جس میں کارکنان ہی انکے بازو اور طاقت بنیں گے تاکہ باچاخان کے شروع کردہ خدائی خدمتگار کے تسلسل کو مزید قوت اور جذبے کے ساتھ آگے بڑھایاجاسکے۔