پشاور (پ ر) عوامی نیشنل پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی فیصل زیب خان نے شانگلہ بالخصوص پی کے 24 میں ناروا لوڈشیڈنگ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی دعووں کے باوجود شانگلہ بھر میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر تاحال قابو نہیں پایا جاسکا اور ضلع بھر میں بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ تمام علاقے بجلی کی بندش اور طویل لوڈشیڈنگ سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔

فیصل زیب خان کا کہنا تھا کہ بجلی کی بڑھتی ہوئی لوڈ شیڈنگ نے معمولات زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے اور لوگ ذہنی اذیت میں مبتلا ہوچکے ہیں۔ بجلی نہ ہونے سے طلبہ و طالبات بھی سخت پریشان ہیں۔ اگر فوری طور پر پی کے24 شانگلہ میں ناروا لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ نہیں کیا گیا تو لوگ سڑکوں پر نکلیں گے اور کسی بھی صورتحال کی ذمہ داری محمکمہ واپڈا، ضلعی انتظامیہ اور مرکزی و صوبائی حکومتوں پر عائد ہوگی۔