پشاور(پ ر) عوامی نیشنل پارٹی کی ذیلی تنظیم ملگری ہنرمندان کیلئے آرگنائزنگ کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جسکے چیئرمین صوبائی کلچر سیکرٹری خادم حسین ہوں گے۔ باچاخان مرکز پشاور میں جمعرات کے روز مختلف ٹی وی، ریڈیو اداکاروں، موسیقاروں، فنکار برادری کے اراکین اور مختلف تنظیموں کے عہدیداروں کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملگری ہنرمندان کو منظم اور باقاعدہ تنظیمی شکل دینے کیلئے آرگنائزنگ کمیٹی کام کرے گی۔ کمیٹی کے دیگر اراکین میں طارق جمال، توحیداللہ قریشی، زاہدہ تنہا، ارم سحر، جہانگیر عادل اور راشد خان شامل ہوں گے۔ کمیٹی اراکین تنظیم کیلئے اصول و ضوابط طے کریں گے اور دیگر فنکاروںو ہنرمندوں سے رابطے بھی کریں گے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اے این پی کے صوبائی کلچر سیکرٹری خادم حسین نے کہا کہ کچھ ہی عرصے میں ملگری لیکوالان اور ملگری ہنرمندان تنظیمیں فعال ہوں گی۔ قامی فکر کے عنوان سے مختلف تقاریب اور مجلسیں منعقد کی جائیگی جبکہ انجمن اصلاح الافاغنہ کے صد سالہ جشن کے دوران ٹیلی فلمز، تھیٹرز، مشاعروں اور موسیقی کے پروگراموں کا انعقاد کیا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی نے اپنے دور حکومت میں نشترہال کھولا، کلچر ڈائریکٹریٹ قائم کی اور اور فنکار برادری کے سپورٹ کیلئے فنڈ قائم کیا گیا۔ اجلاس میں فنکار برادری سے تعلق رکھنے والی تنظیموں کے نمائندوں نے صوبے میں فن اور فنکار کو درپیش چیلنجز پر سیر حاصل گفتگو کی۔