پشاور( پ ر) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری و ڈپٹی اپوزیشن لیڈر سردارحسین بابک نے کہا ہے کہ پختونوں کا اتحاد وقت کی ضرورت ہے، پختون نوجوان پختون دشمن عناصر کی سازشیں ناکام بنائیں کیونکہ یہی نوجوان مشکلات کے گرداب میں سے پختونوں کو نکالنے میں کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں۔ باچاخان مرکز پشاور میں پختون سٹوڈنٹس فیڈریشن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے سردارحسین بابک نے کہا کہ اے این پی پختونوں کی حقیقی نمائندہ جماعت ہے اور انکی تاریخ قربانیوں و جدوجہد سے بھری پڑی ہے ۔ولی باغ نے ہمیشہ سے پختونوں کے اتحاد اور اتفاق کیلئے جدوجہد کا عملی مظاہرہ کیا ہے۔ پختونوں کو درپیش حالات کا مقابلہ کرنے کیلئے فخرافغان باچاخان بابا کے دیے گئے فلسفے کو اپنانا ہوگا۔ پختون نوجوانوں کو جوش کی بجائے ہوش ، حکمت ، مکالمے اور باہمی مشاورت و عدم تشدد کے فلسفے پر عمل پیرا ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اے این پی پختونوں کی بقا اور حقوق کی جنگ جوانمردی سے لڑتی چلی آرہی ہے اور تاریخ گواہ ہے کہ کبھی بھی مصلحت کی شکار نہیں ہوئی ہے۔ پختون نوجوانوں میں حقوق کی جنگ لڑنے کا پرجوش جذبہ قابل ستائش ہے۔ آپس کے اختلافات اور ایک دوسرے کے نقطہ نظر کا احترام حقوق کے جنگ کی کامیابی کی ضمانت ہوسکتی ہے۔