پشاور(پ ر)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ باچا خان اور ولی خان کی برسیوں کے حوالے سے پشاور ریجن کا جلسہ عام 20جنوری کو امان گڑھ نوشہرہ میں منعقد کیا جائیگا،اس سلسلے میں پشاور ریجن کے جلسہ عام کیلئے مشاورتی کمیٹی کا اجلاس زیر صدارت صوبائی نائب صدر و چیئرمین مشاورتی کمیٹی ثاقب اللہ خان چمکنی منعقد ہوا،اجلاس کے بعد صوبائی نائب صدر خلیل عباس خان،ثاقب اللہ خان چمکنی،ضلعی صدر نوشہرہ جمال خٹک اور ضلعی جنرل سیکرٹری انجینئر حامد خان اور دیگر ذمہ داران نے برسی تقریب کیلئے امان گڑھ نوشہرہ کا انعقاد کیا۔جگہ کے انتخاب کے بعد باچا خان مرکز پشاور سے جاری اپنے بیان میں میاں افتخار حسین نے کہا کہ باچا خان اور ولی خان نے اپنی تمام تر زندگی پختون قوم کیلئے وقف کی تھی،باچاخان اور ولی خان نے پشتون قوم کو شعور دینے کیلئے اپنی تمام زندگی وقف کی۔ قیدوبند کی صعوبتیں برداشت کیں لیکن اپنے مؤقف پر ڈٹے رہے۔ آج ہمیں ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پشتونوں کے اتحاد اور حقیقی جمہوریت کیلئے کوششیں جاری رکھنی ہوگی۔ باچاخان نے تمام محکوم قوموں کی نمائندگی کرتے ہوئے انگریز سامراج اور بعد میں غیرجمہوری قوتوں کے خلاف جنگ جاری رکھی۔ ولی خان کی سیاست کے آج مخالفین بھی معترف ہیں کیونکہ اگر ولی خان کی کوششیں نہ ہوتی تو پاکستان کو ایک متفقہ آئین نہ ملا ہوتا۔میاں افتخار حسین نے مزید کہا کہ تمام پختون اپنے ان محسنوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے کثیر تعداد میں 20جنوری کو منعقد ہونے والے نوشہرہ امان گڑھ کے جلسے میں شرکت کریں،انہوں نے تمام کارکنان پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جلسہ عام کیلئے تیاریاں شروع کریں اور گھر گھر جاکر پختونوں کو اس جلسہ عام میں شرکت کی دعوت دیں،اس موقع پر مرکزی جنرل سیکرٹری کے ہمراہ صوبائی نائب صدر خلیل عباس خان اور ثاقب اللہ خان چمکنی بھی موجود تھے۔