پشاور(پ ر) ملک بھر اور بالخصوص خیبرپختونخوا میں جاری آٹا بحران کی تحقیقات اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کیلئے اے این پی نے خیبرپختونخوا اسمبلی میں تحریک التواء جمع کرادی ہے۔ رکن صوبائی اسمبلی شگفتہ ملک کی جانب سے جمع کرائی گئی تحریک التواء میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں آٹے کا شدید بحران جاری ہے جسکی وجہ سے عوام مشکلات سے دوچار ہیں، محکمہ خوراک وضاحت کرے کہ حال ہی میں کتنی گندم اور کیوں باہر ممالک بھجوائی گئیں جس کے بعد کیوں دوبارہ مہنگے داموں گندم خریدی جارہی ہے۔ تحریک التواء میں مطالبہ کیا گیا ہے اس کوتاہی اور غفلت میں ملوث افراد کو سامنے لانے کیلئے تحقیقات کرائی جائیں کہ گندم پہلے باہر بھجوائی گئیں اور اب دوبارہ مہنگے نرخ پر خریدی جارہی ہیں۔ جہاں بھی کوتاہی یا غفلت ہوئی ہے،نشاندہی کی جائے اور تحقیقات کرائی جائیں تاکہ اس میں ملوث افراد و ذمہ داران کو سزا مل سکے۔