پشاور( پ ر) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری و ڈپٹی اپوزیشن لیڈر سردارحسین بابک نے کہا ہے کہ ملک کے مختلف حصوں بالخصوص خیبرپختونخوا میں پولیو ورکرز پر حملے افسوسناک ہے،آئے روز اس قسم کے واقعات خطرناک تاثر دے رہی ہے، حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کرے۔ صوابی میں پولیو ورکز پر حملے کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہیں ،پولیس ملزمان کو جلد سے جلد گرفتار کرکے انہیں انصاف کے کٹہرے میں لائے اور انہیں سخت سے سخت سزا دی جائے۔ سردارحسین بابک کا کہنا تھا کہ پولیو ورکرز ہمارے قومی ہیروز ہیں جن کے تحفظ کی ذمہ داری ریاست کی اولین ذمہ داری ہے، یہ وبا موجودہ حالات میں ایک خطرناک شکل اختیار کرچکی ہے اور گذشتہ ایک سال کے دوران سامنے آنیوالے کیسز میں خطرناک حد تک اضافہ ہوچکاہے ،ایسے حالات میں اگر پولیو ورکز کی زندگیاں محفوظ نہیں رہیں گی تو اس وبا کو کنٹرول کرنا ممکن نہیں ہوگا۔ انہوں نے صوبائی و مرکزی حکومت پر زور دیا کہ اس بارے سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پولیو ورکرز کے تحفظ اور ہر علاقے تک رسائی ممکن بنانے کیلئے عملی اقدامات اٹھائیں۔ پولیو کیسز میں خطرناک حد تک اضافہ تبدیلی سرکار کیلئے لمحہ فکریہ ہے، لیکن حکمران خواب خرگوش کے مزے لے رہے ہیں اور انہیں اپنے آنیوالی نسلوں کی کوئی فکر نہیں۔انہوں نے صوابی میں جاں بحق پولیو اہلکار کے لواحقین سے اظہارتعزیت کرتے ہوئے کہا کہ اے این پی اس ظلم کے خلاف ہر محاذ پر کھڑی رہے گی اور اسکے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھاتی رہے گی۔