پشاور( پ ر) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخارحسین نے کہا ہے کہ باچاخان مرکز پشاور میں 10مارچ 2020ء کو ہونیوالے پختون قامی جرگہ کی تیاریاں زوروشور سے جاری ہیں اور اس سلسلے میں تمام پشتون قیادت کو دعوت نامے دیے جاچکے ہیں۔ مرکزی سطح پر جے یو آئی ( ف) جماعت اسلامی، پیپلزپارٹی، پی ٹی آئی، قومی وطن پارٹی اور پی ٹی ایم سمیت دیگر کودعوت دی جاچکی ہیں اور باقی جماعتوں کو بھی دعوت نامے دیے جارہے ہیں۔ باچاخان مرکز پشاور سے جاری بیان میں اے این پی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخارحسین نے کہا کہ صوبائی سطح پر بھی دعوتوں کا سلسلہ جاری ہے اور کوشش کریں گے کہ ہر مکتبہ فکر کو اس جرگے کا حصہ بنائے۔ پختون قامی جرگہ میں تمام سٹیک ہولڈرزکو پیغام پہنچاچکے ہیں اور امید ہے کہ یہ جرگہ ایک تاریخ رقم کرے گی جس میں پشتون رہنمائوں کی بھرپور شرکت ہوگی۔ انتظامات کے حوالے سے میاں افتخارحسین کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے صوبائی تنظیم کو ذمہ داریاں دی جاچکی ہیں، اس سے پہلے ضم اضلاع کانفرنس کے انعقاد کے بعد اس بار ملکی سطح پر پختونوں کو درپیش مسائل پر بات چیت ہوگی، یہ ایک تاریخی آغاز ہے کیونکہ جب بھی پختون مسائل اور مایوسی کا شکار ہوتے ہیں، اس طرح کا جرگہ ناگزیر ہوجاتا ہے، آج پشتونوں کو بے شمار مسائل کا سامنا ہے اور یہ جرگہ ان تمام مسائل کے حل کیلئے مشترکہ لائحہ عمل دینے کی بھرپور کوشش کرے گی۔ اے این پی کے مرکزی جنرل سیکرٹری کا کہنا تھا کہ مرکزی صدر اسفندیارولی خان اس جرگے کی میزبانی کریں گے ، جرگے کا ایجنڈا دعوت نامے کے ساتھ تمام لیڈرشپ کو پہنچادیا گیا ہے اس پیغام کے ساتھ کہ وہ جو نکتہ شامل کرنا چاہتے ہیں یا اس پر بحث کرنا چاہتے ہیں ، جرگے سے پہلے اور جرگہ کے دن حتمی مسودے کا حصہ بنایا جائیگا۔ یہ ایک کھلا جرگہ ہوگا جس میں تمام رہنما ہر نکتہ پر بحث کریں گے۔ میاں افتخارحسین نے کہا کہ ملکی سطح پر ہر جماعت کو دعوت دی گئی ہے لیکن ساتھ ہی یہ پیغام بھی دیا گیا ہے کہ اس جرگے میں اس جماعت کے پشتون رہنما ہی شرکت کریں گے۔