پشاور( پ ر) عوامی نیشنل پارٹی ضلع لکی مروت کے کونسل اراکین ملک علی سرور خان کو متفقہ طور پر ضلعی صدر منتخب کردیا۔ ہفتہ کے روز ضلعی دفتر نورنگ میں ضلعی کونسل کا اجلاس منعقد ہوا جس میں کونسل ممبران کے ساتھ ساتھ اے این پی کے صوبائی ترجمان صدرالدین مروت نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں ضلعی صدارت کیلئے کونسل اراکین نے پارٹی کے نائب صدر ملک علی سرور خان کا نام پیش کیا جس پر تمام ہائوس نے اتفاق کرتے ہوئے انہیں متفقہ طور پر ضلعی صدر منتخب کیا۔ اس موقع پر نومنتخب صدر نے ضلعی کونسل کے تمام اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی صدر ایمل ولی خان کی سربراہی میں باچاخان اور ولی خان کے پیغام کو گھر گھر تک پہنچانے اور پشتونوں کے اتحاد و اتفاق کیلئے دن رات ایک کرکے محنت کریں گے اور لکی مروت کو حقیقی معنوں میں باچاخان کے پیروکاروں کا ضلع بنائیں گے۔ اجلاس کے اختتام پر صوبائی ترجمان صدرالدین مروت نے انتخابی عمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ اے این پی جمہوریت پر یقین رکھتی ہے اور متفقہ طور پر صدر کا انتخاب کونسل اراکین کا نومنتخب صدر پر اعتماد کا اظہار ہے