پشاور( پ ر)عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری و ڈپٹی اپوزیشن لیڈر سردارحسین بابک نے کہا ہے کہ حکومت کو اپوزیشن دیوارسے لگانے کی روش کو ترک کرنا چاہیئے، صوبائی حکومت سیاسی بلوغت کا مظاہرہ کرے اور فراخدلی سے اپوزیشن کے مینڈیٹ کو تسلیم کرے۔ موجودہ حکومت کو صوبے کے وسائل کو ذاتی جاگیر کے بجائے قومی وسائل سمجھنے ہوں گے۔ صوبائی حکومت بار بار وزارتیں بدل کر اپنی ناکامی کا اعتراف کررہی ہے۔ سردارحسین بابک نے کہا کہ عوام کا جینا مشکل کردیا گیا ہے،حکومت سنجیدگی اور ذمہ داری سے عاری ہے، اپوزیشن کے علاقوں میں عوام چندوں سے ترقیاتی کاموں کو جاری رکھے ہوئے ہیں، عوام کے حقوق کی جنگ ہر فورم پر لڑیں گے۔ حکومت اختیارات کے ناجائز استعمال سے دریغ کریں ورنہ حالات کی ذمہ داری ان پر عائد ہوگی۔ سردارحسین بابک نے مزید کہا کہ عوامی نمائندے اپنے عوام کے حقوق پر پر سودابازی نہیں کرسکتے، مشکل سے مشکل حالات میں عوام کی نمائندگی جاری رکھیں گے۔ وسائل کے غیرمنصفانہ تقسیم کے خلاف مجبوراً عدالتوں کا دروازہ کھٹکٹھایا ہے۔ حکومت ہوش کے ناخن لیں ،صوبے کے تمام عوام کو یکساں ترقی کے سفر میں اپنا حصہ دینا ہوگا