پشاور(پ ر) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے منگل کے روز چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور حکومت کے خلاف اپوزیشن کو اکھٹاکرنے اور فاصلے ختم کرنے بارے تفصیلی گفتگو ہوئی۔

ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے اتفاق کیا کہ ملکی مسائل اور اپوزیشن کو ایک پلیٹ فارم پر متحد رکھنے کیلئے پاکستان پیپلزپارٹی جلد آل پارٹیز کانفرنس بلائے گی جس میں تمام اپوزیشن پارٹیوں کو شرکت کی دعوت دی جائیگی۔

اس موقع پر ایمل ولی خان نے کہا کہ صوبائی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ مرکزی حکومت فوری طور این ایف سی ایوارڈ کا اجرا کرے۔ صوبائی حقوق کی جنگ ہر فورم پر جاری رکھیں گے کیونکہ موجودہ حکومت چھوٹے صوبوں کو حقوق نہیں دے رہی۔

اے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہاک ہ ناکام معاشی پالیسیوں کی وجہ سے ملک تباہی کے دہانے کھڑا کردیا گیا ہے اور موجودہ حکومت ہر محاذ پر مکمل ناکام ہوچکی ہے۔ ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ پارلیمان اور پارلیمان کے باہر اپوزیشن کی جانب سے حکومت کے خلاف متحد ہوکر بھرپور کردار ادا کیا جائیگا۔