پشاور()اے این پی کے صوبائی جنرل سیکرٹری و ڈپٹی اپوزیشن لیڈر سردار حسین بابک نے کہا ہے کہ حکومت کراچی اور ملک کے دیگر شہروں میں صوبے کے پختونوں کی اپنی گھروں کو واپسی یقینی بنائیں اور اس سلسلے میں ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اُٹھائے جائیں۔ باچا خان مرکز پشاور سے جاری اپنے بیان میں سردار حسین بابک نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی اکثریتی غریب محنت مزدور کیلئے ملک کے دیگر شہروں اور بلخصوص کراچی جاتے ہیں،کورونا وباء کی وجہ سے وہ مسافر اب ملک کے دیگر شہروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں،کاروبار نہ ہونے کی وجہ سے وہ وہاں پر پائی پائی کے محتاج ہوچکے ہیں،حکومت اُن مسافروں کیلئے خصوصی ٹرانسپورٹ کا انتظام کرکے اُن مسافروں کو اپنے اپنے علاقوں کو پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن اور کاروباری اور تجارتی سرگرمیاں ماند پڑنے کیوجہ سے ہمارے صوبے کے مزدور کراچی اور دیگر شہروں سے واپس آنا چاہتے ہیں، لیکن ٹرانسپورٹ نہ ہونے کیوجہ سے وہ مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلا تاخیر دوسرے شہروں میں پھنسے ہوئے پختونخوا کے مزدوروں کیلئے دوسرے صوبوں کے وزراء اعلیٰ سے بات کریں تاکہ ان کا مشکل دور ہو۔