پشاور(پ ر)اے این پی کے صوبائی جنرل سیکرٹری و ڈپٹی اپوزیشن لیڈر سردار حسین بابک نے کہا ہے کہ تمام سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں او پی ڈی اور ایمرجنسی کو فوری طور پر کھولا جائے۔ صوبے کے دور دراز علاقوں اور ہر کونے میں مریضوں کو مشکلات درپیش ہیں۔عوام احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہے اور ہم سب کو احتیاط کرنا بھی ناگزیر ہے لیکن حکومت کا ہسپتالوں کو عام مریضوں کیلئے بند کرنا ، انتہائی نا مناسب ہے۔حکومت اور محکمہ صحت منظم حکمت عملی کے ذریعے ہسپتالوں اور کلینکس کو بند کرنے سے گریز کریں کیونکہ روزمرہ کے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل لاک ڈاؤن اور خصوصاً ہسپتالوں اور کلینکس کے بندش نے عوام کے مسائل میں اضافہ کردیا ہے۔ حکومت غریب مریضوں کے مسئلے کی باریکی کو دیکھتے ہوئے اس کے حل کیلئے جنگی اور ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائیں۔ کورونا وباء کے پیش نظر ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کی طبی نگہداشت کو متاثر کئے بغیر روزمرہ مریضوں کے علاج معالجے کے عمل کو جاری رکھنے کیلئے بلا تاخیر اقدامات اٹھائیں۔ کورونا وباء سے نمٹنے اور اس کے نتیجے میں کئے گئے حکومتی اقدامات زمینی حقائق اور زیادہ سے زیادہ عوام کو دستیاب وسائل اور ذرائع کے استعمال کویقینی بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو دانشمندی اور اپنی پوری وسائل اور ذرائع کو اس سخت حالات میں عوام کو ضروریات زندگی پہنچانے کیلئے استعمال میں لانے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں۔