پشاور(پ ر)کورونا وائرس کے باعث باہر ممالک میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی واپسی کیلئے خیبر پختونخوا اسمبلی میں اے این پی کے پارلیمانی لیڈر سردار حسین بابک نے تحریک التوا جمع کرادی ہے۔ اے این پی کے پارلیمانی لیڈر سردار حسین بابک کی جانب سے جمع کرائی گئی تحریک التوا میں کہا گیا ہے کہ حکومت بیرون ممالک پھنسے ہونے مزدور پاکستانیوں کیلئے سفارتی سطح پر ریلیف فراہم کرنے کے لئے اقدامات اُٹھائے۔ کورونا وباء نے ساری دنیا کو اپنے لپیٹ میں لے لیا ہے اور ساری دنیا میں زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔ روزگار اور ہر قسم کی کاروباری سرگرمی ماند پڑگئی ہے، خیبرپختونخوا کے لاکھوں افراد لوگ محنت مزدوری اور کاروبار کے سلسلے میں باہر مقیم ہیں جو کورونا وباء کیوجہ سے آج کل انتہائی مشکل سے دوچارہیں اور اپنے گھروں کو واپسی کیلئے بے قرار ہیں۔ حکومت جنگی اور ہنگامی بنیادوں پرانکی واپسی کا انتظام کریں اور سفارتی سطح پر ان تمام کاروباری ملکی باشندوں کیلئے ان کی حکومتوں سے ان کو ریلیف پہنچانے کیلئے رابطہ کریں۔سردار حسین بابک کا مزید کہنا تھا کہ یہی لوگ ہر ماہ اربوں روپیہ زرمبادلہ ملک کے لئے کماتے ہیں اور ہمارے ملک کے آمدن کا زیادہ تر انحصار انہی باہر ممالک میں مزدور کار اور تجارت پیشہ افراد پر ہے۔ لہذا مشکل کی اس گھڑی میں حکومت اپنی اولین ترجیح میں ان مزدوروں کو اپنے گھروں کو واپس لانے کیلئے فوری اقدامات اُٹھائے اور باہر ممالک میں مقیم م لاکھوں افراد کے مشکل کو آسان بنائیں۔