پشاور(پ ر)اے این پی کے صوبائی جنرل سیکرٹری و ڈپٹی اپوزیشن لیڈر سردارحسین بابک نے کہا ہے کہ اے این پی صوبے کے تمام سپیشل پولیس فورس کی مستقلی پر انہیں مبارکباد پیش کرتی ہے اور امید رکھتی ہے کہ جرات و بہادری کے ساتھ اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داری احسن طریقے سے نبھائیں گے۔ سپیشل پولیس فورس نے بڑے سخت اور مشکل حالات میں صوبے کے عوام کو تحفظ فراہم کرنے کی غرض سے اپنے سروں کی پرواہ کئے بغیر دہشتگردی کا جوانمردی سے مقابلہ کیا ہے۔ سردارحسین بابک نے کہا کہ سابق وزیراعلیٰ امیرحیدرخان ہوتی کی خصوصی دلچسپی سے اے این پی دور حکومت میں ہزاروں نوجوانوں کو سپیشل فورس کا حصہ بنایا گیا تھا۔ عوام پولیس فورس اور تمام سیکیورٹی فورسز کو امن کیلئے لڑنے اور امن کی خاطر جانوں کے نذرانے پیش کرنے پرخراج تحسین پیش کرتی ہے۔ سپیشل پولیس فورس نے مٹی اور عوام کے ساتھ محبت کا اظہار انتہائی سخت اور دہشتگردی کے مشکل ترین دور میں بہترین انداز میں کیا، ان کی مستقلی میں تاخیر نامناسب رہا ہے بلکہ انہیں بہت پہلے مستقل کیا جانا چاہیئے تھا۔ سردارحسین بابک نے کہا کہ ماڈل پولیس سٹیشن، پولیس ٹرینننگ، پولیس کیلئے ضروری آلات، انکے تنخواہوں میں اضافہ، شہداء پیکج اور مزید اصلاحات اے این پی دور حکومت کے تاریخی خدمات ہیں۔ اے این پی سپیشل پولیس فورس کے نوجوانوں کیلئے دعاگو ہے کہ وہ اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے انجام دیں گے اور ملک و قوم کے تحفظ اور خدمات کو اپنا شعار بنائیں گے