پشاور (پ ر) عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر شاہی سید نے کہا ہے کہ ریاست کے طاقتور ادارے پختونوں کی اہمیت اور حیثیت کو تسلیم کریں اور انہیں جینے کے حق کے ساتھ ساتھ ان کے جائز حقوق بھی ادا کریں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے عنایت کلے باجوڑ میں انتخابی مہم کے سلسلے میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہ قدرتی وسائل سے مالامال قبائلی عوام صرف اس لئے دربدر کر دئے گئے کیونکہ انہوں نے اپنے اسلاف کی قربانیوں کو فراموش کر دیا، انہوں نے کہا کہ منزل مقصود تک پہنچنے اور اپنے جائز حق کی خاطر اتحاد و اتفاق کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ باچا خان، ولی خان اور اسفندیار ولی خان نے زندگی بھر پختونوں کے حق اور ان کی آزادی کی تحریک چلائی اور ان کے حق کیلئے ہر فورم پر قربانیاں دیں، انہوں نے کہا کہ ہماری سیاست وزارت، پیسہ یا پلاٹ کیلئے نہیں بلکہ پختونوں کے حقوق کیلئے ہے لیکن بدقسمتی سے ملک کے طاقتور ادارے ہماری تباہی کے ذمہ دار ہیں، شاہی سید نے کہا کہ قبائلی عوام گزشتہ70سال سے بنیادی انسانی حقوق سے محروم چلے آ رہے ہیں لیکن آج بھی حکومت انہیں تعلیم،صحت اور دیگر ضروریات سے محروم رکھنا چاہتی ہے، انہوں نے کہا کہ باچا خان کے عدم تشدد کے پیروکار ہیں اور اسلام و پاکستان کی سربلندی کے ساتھ ساتھ ملک کے اداروں کی مضبوطی چاہتے ہیں انہوں نے کہا کہ تمام ادارے اپنی حدود میں رہتے ہوئے کام کریں تو مسائل کبھی جنم نہیں لے سکتے، انہوں نے کہا کہ پختون اپنے محسنوں کو پہچانیں اور اسفندیار ولی خان کی قیادت میں سرخ جھنڈے تلے متحد ہو کر قبائلی الیکشن میں اے این پی کے امیدواروں کو کامیاب کریں تاکہ ان کی آنے والی نسلوں کا مستقبل محفوظ بنایا جا سکے۔