عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے صوبے میں ڈینگی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی حساسیت کا سنجیدگی سے نوٹس لے اور مریضوں کو ادویات اور ویکسین کی فراہمی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ میڈیا کی جانب سے بار بار ڈینگی کا مسئلہ اٹھایا گیا اور حکومت و متعلقہ محکموں کی توجہ دلائی گئی لیکن بدقسمتی سے حکمرانوں نے انسانی جانوں کی اہمیت سے قطع نظر معاملے کی جانب کوئی توجہ نہیں دی، انہوں نے کہا کہ حکومت کو جنگی بنیادوں پر صوبے کے تمام علاقوں میں سپرے اور ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی کیلئے انتظامات کرنے چاہئیں، انہوں نے کہا کہ صوبے کے تقریباً تمام ہسپتالوں میں ادویات ناپید ہیں اور ان کی حالت زار دیکھ کر افسوس ہوتا ہے، سردار حسین بابک نے کہا کہ ڈینگی کے آئے روز وار نے عوام میں تشویش پیدا کر دی ہے اور عوام اپنی مدد آپ کے تحت علاج کیلئے پرائیویٹ ہسپتالوں کا رخ کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ان کے جان و مال کا تحفظ حکومت وقت کی ذمہ داری ہے لہٰذا حکومت کو ڈینگی کی روک تھام کیلئے عملی اقدامات کرنا ہونگے،انہوں نے کہا کہ حکومتی بے حسی اور انا کے باعث گزشتہ سال بھی کئی قیمتی انسانی جانیں ڈینگی کی نذر ہو گئیں تاہم اب یہ سلسلہ رکنا چاہئے،انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو ذمہ داری اور سنجیدگی کے ساتھ مسئلے سے نمٹنا ہو گا۔