پشاور(پ ر)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے مریم نواز کو پارٹی عہدہ رکھنے کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے تین رکنی بینچ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت آئے روز اپوزیشن کے حوالے سے ایسی حرکتیں کررہی ہے جو آمریت کے دور میں بھی نہیں دیکھی گئی،انہوں نے کہا کہ اے این پی کا روز اول سے مؤقف رہا ہے کہ پاکستان تب ہی ترقی کرسکتا ہے جب ادارے آزاد ہو اور وہ اپنی مرضی کے فیصلے دے سکے،آج کا دن یقینی طور پر سیاسی جماعتوں اور مسلم لیگ ن کیلئے خوشی کا دن ہے کیونکہ موجودہ حکومت کی جانب سے یہ کوشش اگر کامیاب ہوتی تو سیاسی جماعتیں پھر اپنی مرضی سے اپنی قیادت کا انتخاب بھی نہیں کرسکیں گی۔انہوں نے کہا کہ عوام کی ہمدردیاں ان طریقوں سے حاصل نہیں کی جاسکتی کہ آئے روز عوام کو احتساب کا لالی پاپ دیتے رہے بلکہ عوام کی ہمدردیاں پی ٹی آئی کو ایک ہی صورت میں حاصل ہوسکتی ہے کہ وہ عوام کو ریلیف دیں، بدقسمتی یہ ہے کہ موجودہ حالات میں عوام کو ریلیف تو کیا موجودہ حکومت اُن کے مسائل بھی حل نہیں کرسکتی