عوامی نیشنل پارٹی ضلع شانگلہ کے قائمقام صدر اعظم خان نے کہا ہے کہ اے این پی پختونوں کی تحریک ہے اور کارکن اس تحریک کا سرمایہ ہیں، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ شانگلہ میں اے این پی ایک مضبوط قوت ہے کسی شخص کے جانے سے پارٹی کو کوئی فرق نہیں پڑتا، انہوں نے کہا کہ ہم پارٹی کارکنوں اور عہدیداروں پر فخر کرتے ہیں کہ انہوں نے پارٹی کے ساتھ تادم مرگ کھڑے رہنے کا عہد کیا ہے، صوبائی صدر ایمل ولی خان بہت جلد ضلع شانگلہ کا تفصیلی دورہ کریں گے، انہوں نے کہا کہ پارٹی عہدیدار، صاحب الرائے مشران اور کارکن پارٹی کا پیغام گھر گھر پہنچائیں،،انہوں نے کہا کہ اے این پی نے ہر کارکن کو عزت دی ہے اور پختونوں کی نمائندہ جماعت کی حیثیت سے یہ پارٹی کارکنوں کی انتھک محنت سے دن بدن مضبوط ہوتی جائے گی، اعظم خان نے تمام عہدیداروں و کارکنوں کو خراج تحسین پیش کیا اور توقع ظاہر کی کہ کسی کے جانے سے پارٹی کو کوئی فرق نہیں پڑے گا بلکہ آئے روز سیاسی و سماجی شخصیات کی جانب سے اے این پی میں شمولیت کا سلسلہ جاری ہے جس میں آنے والے دنوں میں مزید تیزی آئے گی، انہوں نے کہا کہ اے این پی کے سرخ جھنڈے تلے پختونوں کے حقوق کی جنگ جاری رہے گی اور تمام پختونوں کو سرخ جھنڈے تلے جمع کرنے کی کوششیں جاری رکھیں گے۔