پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے کہا ہے کہ ملک بالخصوص خیبر پختونکوا میں مایوسی کی کیفیت ہے اور حکمرانوں کی طرف سے آئے روز مہنگائی کے تحفے دیئے جا رہے ہیں، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان نے قوم کو رُلانے کا وعدہ پورا کر دیا ہے ، حکومت کے قلیل عرصہ میں عوام کی چیخ و پکار عروج پر ہے جو حکمرانوں کے کانوں تک نہیں پہنچ پاتی، انہوں نے کہا کہ حکومت معیشت کو آئی سی یو سے نکالنے کیلئے جو اقدامات کر رہی ہے اس سے مرض کم ہونے کی بجائے مزید بڑھ رہا ہے اور پورے ملک میں ہیجان کی کیفیت ہے جو نقصان دہ ہے ،غریب عوام پر ناقابل برداشت بوجھ میں مزید اضافہ ہوگا ، عمران خان کی تبدیلی عوام کے لیے خوفناک خواب بن گئی ہے ، انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے سونامی سے غریب عوام کو دن میں تارے نظر آنے لگے ہیں ،اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ سے عوام کو ذہنی مریض بنا دیا ہے، سردار حسین بابک نے کہا کہ اے این پی موجودہ مہنگائی کے خلاف جلد اسمبلی میں تحریک التوا جمع کرائے گی اور عوام کو زندہ درگور کرنے کی پالیسیوں کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھائی جائے گی، انہوں نے کہا کہ نا اہل حکمرانوں کی غیر سنجیدگی اور نا تجربہ کاری کی وجہ سے عزت دار طبقہ بے آبرو ہوا جا رہا ہے، ،جبکہ نا اہل حکمران اپنی نالائقی چھپانے کیلئے صرف ایک دوسرے پر الزامات لگانے میں مصروف ہیں،انہوں نے کہا کہ تبدیلی کا جنازہ نکلنے کے بعد اب اس کا چہلم بھی ہو چکا ہے، لوگوں کی قوت خرید جواب دے گئی ہے ،انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے جلتی پر تیل کا کام کیا ہے اور غریب عوام اب دو وقت کی روٹی کو بھی ترس گئے ہیں،انہوں نے کہا کہ حکومت کرنا امپائر کی انگلی پر ناچنے سے زیادہ مشکل کام ہے اور عمران خان کو اب حقیقت کا ادراک ہو چکا ہو گا،انہوں نے کہا کہ جمہوریت دشمن قوتوں کو اپنے کئے پر نادم ہوکر22کروڑ عوام سے معافی مانگنی چاہئے جنہوں نے مسلط وزیر اعظم کے ذریعے نہ صرف ملک کو کمزور کر دیا ہے بلکہ بین الاقوامی سطح پر ملکی تشخص بھی داو¿ پر لگا دیا ہے، سردار بابک نے کہا کہ بے روزگاری اور بد امنی نے عوام کو فاقہ کشی اور خود کشیوں پر مجبور کر دیا ہے ، انہوں نے کہا کہ تبدیلی کے دھرنے میں سب سے زیادہ ناچنے والے ہی آج نیازی حکومت کو گالیوں سے نواز رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والوں خصوصاٍ شعراءکو اس نازک صورتحال میں مہنگائی کے خلاف آواز اتھانی چاہئے ،تاکہ نااہل حکمرانوں کو عوام دشمن فیصلے واپس لینے پر مجبور کیا جا سکے۔